الیکشن نہ لڑنے کاحلف نامہ لینے کا معاملہ :الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 4 جولائی کو طلب کرلیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن نہ لڑنے کے حلف نامہ لینے کے معاملہ سے متعلق درخواست پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 4 جولائی کو طلب کرلیا۔
تحریک انصاف میں ٹکٹ کی درخواست دینے والوں سے بیان حلفی لینے کے خلاف درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی۔عمران خان کوانتخابات نہ لڑنے کے حلف نامے لینے پردرخواست پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے امیدوار ملک منیر نے دائر کی ۔ وکیل ملک منیر نے الیکشن کمیشن میں مؤقف اپنایا کہ تحریک انصاف نے امیدواروں سے غیر قانونی بیان حلفی لیا اور ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی چھوڑنے اور آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے سے روکا گیا اور حلف نامے کے مطابق حلف نامہ دینے والاپارٹی کے نامزدامیدوارکےساتھ تعاون کاپابندہوگا۔ الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ سیاسی جماعت کا ٹکٹ اس کی شرائط پر ہی ملتا ہے، کیا ایسے بیان حلفی دیگر جماعتوں نے بھی لیے ہیں؟درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھاکہ تمام جماعتیں اس طرح سے حلف لے رہی ہیں جو غیر قانونی ہے کوئی سیاسی جماعت کسی کو آزاد الیکشن لڑنے سے نہیں روک سکتی۔جس پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 4 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں