مسلم لیگ نون نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی لاہور آمد پر بھر پور قوت شو کرنے کا فیصلہ کر لیا ،سابق وزیر اعظم مری سے براستہ موٹروے لاہور آئیں گے اور ان کے استقبال کیلئے چوہدری نثار علی خان اور حمزہ شہباز شریف کی سربراہی میں انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی

لاہور(سٹی نیوز)مسلم لیگ نون نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی لاہور آمد پر بھر پور قوت شو کرنے کا فیصلہ کر لیا ،سابق وزیر اعظم مری سے براستہ موٹروے لاہور آئیں گے اور ان کے استقبال کیلئے چوہدری نثار علی خان اور حمزہ شہباز شریف کی سربراہی میں انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
نوازشریف کی زیر صدارت مری میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی لاہور آمد کے موقع پر مسلم لیگ بھرپور قوت کا مظاہرہ کرے گی ،محمد نواز شریف ایک بڑے قافلے کے ہمراہ براستہ موٹروے لاہور روانہ ہوں گے جہاں ہر انٹرچینج پر مسلم لیگی کارکنا ن بڑی تعداد میں اپنے قائد کا استقبال کریں گے۔
سابق وزیر اعظم کی لاہور آمد اور ان کے استقبال کے سلسلہ میں نون لیگ نے 2 انتظامی کمیٹاں بھی تشکیل دے دی ہیں ،لاہور میں استقبال کرنے والی کمیٹی کی سربراہی وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز کے سپرد کی گئی ہے۔ حمزہ شہباز کو لاہور میں اس حوالے سے تیاریاں کرنے کاکہا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی ڈویڑن میں تیاریوں کی ذمہ داریاں چوہدری نثار کے سپردکر دی گئی ہیں۔
سابق وزیر اعظم کی لاہور آمد کے موقع پر موٹر وے کے بابو صابو انٹر چینج پر ان کا بھر پور استقبال کیا جائے گا۔نواز شریف کے بابو صابو انٹر چینج یا داتا دربار میں جلسے سے خطاب کی تجاویز بھی زیر غور ہیں جبکہ نواز شریف لاہور پہنچنے پر بڑے عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔دوسری طرف کہا جا رہا ہے کہ پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں نون لیگ کے اکثر رہنماوؤں کی رائے ہے کہ نواز شریف مری سے براستہ جی ٹی روڈ لاہور جائیں تاکہ بھر پورعوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جا سکے تاہم سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سابق وزیر اعظم کے براستہ جی ٹی روڈ لاہور جانے پر سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا گیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں