چیئرمین شہریار خان نے رواں سال نومبر یا دسمبر میں سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کا عندیہ دیا تو پاکستانیوں کی خوشی کا ٹھکانہ نا رہا

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے رواں سال نومبر یا دسمبر میں سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کا عندیہ دیا تو پاکستانیوں کی خوشی کا ٹھکانہ نا رہا۔ لیکن اب اسی خوشی کا ’’جنازہ‘‘ نکل گیا ہے کیونکہ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ سری لنکا کی ساری توجہ متحدہ عرب امارات میں مکمل سیریز کھیلنے پر ہے اور پاکستان میں میچز کھیلنے سے متعلق صرف ابتدائی بات چیت ہوئی ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ سری لنکا نے پاکستان میں مختصر دورانئے کے میچز کھیلنے کی حامی نہیں بھری ہے اور پاکستان میں میچز کھیلنے کیلئے سری لنکا سے صرف ابتدائی بات ہوئی ہے جبکہ پی سی بی نے کبھی بھی یقینی طور پر نہیں کہا تھا کہ سری لنکن ٹیم پاکستان آئے گی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق سری لنکا کیخلاف سیریز متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان منصوبہ بندی جاری ہے اور اگر ورلڈ الیون کا دورہ ہوا تو سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز صرف 2 میچوں تک مشتمل ہو گی جبکہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد ہی دوسری ٹیموں سے مذاکرات کر کے انہیں پاکستان آنے پر رضامند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں