بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک

نئی دہلی: (ویب ڈسیک) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آفیشیل ویب سائٹ کو ہیک کر لیا گیا ہے۔ ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد وہ ڈاؤن ہو گئی اور اس پر کوئی بھی کام نہیں ہو پا رہا ہے۔ بی جے پی کی آفیشیل ویب سائٹ (www.bjp.org) کو اگر اوپن کرنے کی کوشش کی جائے تو پہلے تو کچھ پروسیسنگ ہوتی ہے اور اس کے بعد یہ پیغام لکھا ہوا نظر آتا ہے، ’وی وِل بی بیک سون‘ (ہم جلد ہی واپس لوٹیں گے)۔
کئی انٹرنیٹ صارفین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کیں۔ لیکن تاحال کسی ہیکر گروپ نے پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے عوام کو صبر سے کام لینے کی تلقین کی۔ مبینہ طور پر ہیکرز نے بی جے پی کی ویب سائٹ پر نریندر مودی کی مضحکہ خیز تصویر لگائی اور ساتھ میں ’بوہیمین ریپسوڈی‘ کا گانا بھی لگایا۔ ویب سائٹ پر پیغام دیا گیا کہ نریندر مودی نے عوام کو پاگل بنایا ہے اور ابھی اور بھی بہت کچھ آنا باقی ہے۔ جس کے بعد ویب سائٹ بند کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں