نوجوان فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری ایک مہینے کے بعد باؤلنگ پریکٹس شروع کر دیں گے

لاہور (نیوز ڈیسک) نوجوان فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری کے مداحوں کیلئے خوشخبری ہے کہ وہ تیزی سے صحت یابی کی جانب گامزن ہیں اور اگلے مہینے سے باؤلنگ پریکٹس شروع کر دیں گے۔

عثمان خان شنواری سری لنکا کیخلاف سیریز کے دوران کمر میں سٹریس فریکچر کے باعث ہر طرح کی کرکٹ سے دور ہیں اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہیں مکمل بحالی میں 6 سے 8 ماہ کا وقت درکار ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان شنواری پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈاکٹر سہیل سلیم کی نگرانی میں بحالی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں جس دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ یہ انجری اتنی مہلک نہیں، جتنی سمجھی جا رہی تھی۔
2013ءکے دوران عثمان شنواری تین مرتبہ سٹریس فریکچر کا شکار ہوئے تھے جبکہ اس سال انہیں صرف ایک مرتبہ ہی اس تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم وہ صحت یابی کیلئے کوشاں ہیں۔

ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ایک مہینے کے بعد باؤلنگ پریکٹس شروع کر دیں گے جو کہ بہت ہی خوش آئند ہے اور اس سے یہ امکان بھی پیدا ہوتا ہے کہ وہ دو سے تین مہینوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے قابل بھی ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں