وفاق کی آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو تنخواہیں بڑھانے کی یقین دہانی

اسلام آباد: (سٹی نیوز) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے سرکاری ملازمین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہیں ضرور بڑھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیر صدارت آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس کی تنخواہ اور مراعات بڑھانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائینس کے نمائیندوں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بڑھانے کے حوالے سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی، ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات کے حوالے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، حتمی فیصلہ فنانس ٹیم سے ملکر ہوگا۔جو اگلے ہفتے تک ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کی فلاح پر یقین رکھتی ہے۔ان کو تمام سہولیات فراہم کرینگے۔ ملک معاشی ترقی کر رہا ہے۔ وسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملازمین کی تنخواہوں میں ضروراضافہ کرینگے۔ ملکی وسائل کے تناسب سے دیگرمراعات بھی دینگے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے دل بہت بڑے ہیں۔اگلے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کا خاص خیال رکھیں گے۔ تنخواہوں میں موجودہ تضادات کو ختم کرنے کی کوشش کرینگے۔ پے اینڈ پینشن کمیشن کی سفارشات کو جلد حتمی شکل دیں گے۔ پے اینڈ پینشن کمیشن حکومت نے سرکاری ملازمین کی فلاح کے لئے قائم کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں