ائیرپورٹ پر اپنی فلائٹ کا انتظار کرتی نوجوان لڑکی کو زندگی کی سب سے بڑی خوشخبری مل گئی، وہ کام ہوگیا جس کا کوئی مسافر کبھی خوابوں میں بھی نہیں سوچ سکتا

لندن(ویب ڈیسک) برطانوی علاقے ایسیکس میں ایک لڑکی ایئرپورٹ پر اپنی پرواز کے انتظار میں بیٹھی تھی کہ اس کی ایک ایسے شخص سے ملاقات ہو گئی جس نے دنوں میں اسے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 17سالہ ایلا واکر اپنی فیملی کے ہمراہ سپین میں چھٹیاں گزارنے جا رہی تھی۔ وہ لاؤنج میں فلائٹ کا انتظار کر رہی تھی کہ ایک ماڈلنگ ایجنٹ کی اس پر نظر پڑ گئی جس نے اسے بطور ماڈل کام کی پیشکش کر دی۔ اب ایلا ماڈل ایجنٹ ’وی ایس او ماڈلز‘کے ساتھ کام کر رہی ہے اور لندن فیشن ویک میں بھی شرکت کر چکی ہے۔
ایلا واکر سائیکالوجی کی طالب علم ہے جو اب معروف ماڈل بن چکی ہے تاہم اس نے اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ پڑھائی بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے ایلا کا کہنا تھا کہ’’میں تو ایئرپورٹ پر باقی مسافروں کی طرح بیٹھی پرواز کا انتظار کر رہی تھی، میں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ کامیابی اس طرح میرے پیچھے چل کر آئے گی اور دنوں میں میں ایک کامیاب کیریئر کی حامل ماڈل بن جاؤں گی۔ ایجنٹ مجھے ایئرپورٹ پر ہی ملا اور وہیں اس نے میرے ساتھ ماڈلنگ کا معاہدہ کر لیا۔میرے گھر والے بھی یہ سب دیکھ کر حیران تھے۔‘‘ رپورٹ کے مطابق ایلا واکر کی کہانی معروف برطانوی ماڈل کیٹ موس سے مشابہہ ہے۔ اسے بھی ایک ماڈلنگ ایجنٹ نے اسی طرح دریافت کیا تھا جب وہ امریکہ کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر پرواز کا انتظار کر رہی تھی اور وہ بھی اسی طرح دنوں میں شہرت کی بلندیوں کو پہنچ گئی۔اس وقت کیٹ موس کی عمر صرف14سال تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں