نیب ریفرنسزکی سماعت جاری ،عدالت نے نوازشریف اور مریم نواز کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی جبکہ ان کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر عدالت میں موجود رہیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیہ سٹیل ملز ریفرنسزکی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مقدمات کی سماعت کی۔
وکیل صفائی خواجہ حارث نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت خراب ہے ، عدالت سے استدعا ہے کہ نوازشریف کو جانے کی اجازت دی جائے،اس پر عدالت نے نوازشریف کو جانے کی اجازت دے دی۔جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن صفدرسماعت کے دوران عدالت میں موجودرہیں گے۔
عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کےلئے طلب کر رکھا ہے جبکہ گزشتہ سماعت پر 3 گواہوں کے بیانات قلمبند نہیں کئے جا سکے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا اینڈ قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جرح کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں