ملتان :بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے ماس کمیونیکیشن طلباء کیلئے باقاعدہ ٹریننگ پروگرام کا اجراء کردیا گیا

ملتان(فاروق ملک) بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے ماس کمیونیکیشن طلباء کیلئے باقاعدہ ٹریننگ پروگرام کا اجراء کردیا گیا۔ دور حاضر کے جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے میڈیا کے طالب علموں کو سوشل میڈیا ٗ سٹیزن جرنلزم ٗ فوٹو جرنلزم ٗ تخلیقی تحریروں کے علاوہ مفید اور کارآمد شہری بننے سے متعلق ٹریننگز کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ یہ ٹریننگز نہ صرف طالب علموں کو پیشہ وارانہ تربیت کے اضافی مواقع فراہم کریں گی بلکہ انہیں ایک پر امن ٗ ذمہ دار شہری بننے سے متعلق بھی آگاہی دیں گے۔اِن خیالات کا اظہار چیئرمین ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسرڈاکٹراشرف خان نے میڈیا سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ سیمینار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو پر امن معاشرے کے قیام سے متعلق شعور دینا ہے جس کے نتیجے میں ایک پرامن، مساوات اور بھائی چارے کی روایات پر مبنی معاشرے کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہماری آبادی کا تقریباً 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کی مناسب پیشہ وارانہ تربیت کے بغیر ملکی اور معاشرے کے درپیش دیگر مشکلات کا ادراک ممکن نہیں۔اس موقع پر پروجیکٹ کوآڈینٹر جنید نذیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاں تیزی سے میڈیا کی انڈسٹری بحران کا شکار ہے اور نوجوان صحافیوں کیلئے ملازمت کے بہت محدودمواقع میسر ہیں۔ یہ ٹریننگزمیڈیا سٹوڈنٹس کیلئے ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر نئے رجحانات کے استعمال کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہونگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت طالب علموں کو نامور صحافیوں سے تبادلہ خیال اور تربیت حاصل کرنے کا موقع بھی مل سکے گا۔اس موقع پر سیرت چیئر کے ڈائریکٹر اورچیئرمین اسلامک سٹڈیز ڈاکٹر ادریس لودھی نے بھی طالب علموں سے خطاب کیا اورموجودہ ملکی صورتحال میں امن ٗ بھائی چارے اور برداشت کے حوالے سے نوجوانوں کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں اسلامیات کے شعبہ کے طالب علموں کے لئے بھی تربیت کے ایسے مواقع فراہم کئے جائیں گے تا کہ وہ بھی پیشہ وارانہ تربیت حاصل کر کے معاشرے کی بہتری اور ملک کی ترقی میں اپنا بہتر کردار ادا کر سکیں۔سیمینار کے شرکاء سے سٹوڈنٹ سوسائٹی کمیونیکیٹرایگزیکٹو فورم کے صدر مرتضیٰ حسین نقوی نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں