پیرمحل میں بیل گاڑی دوڑ ٹورنامنٹ، فخر ٹوبہ اور چھینا جوڑی پہلے نمبر پر رہی

پیرمحل: (سٹی نیوز) پیرمحل میں سالانہ آل پاکستان اوپن بیل گاڑی دوڑ ٹورنامنٹ کے منفرد مقابلے منعقد ہوئے، فخر ٹوبہ اور چھینا جوڑی پہلے نمبر پر رہی۔

پیرمحل بائی پاس کے قریب سالانہ آل پاکستان اوپن بیل گاڑی دوڑ ٹورنامنٹ کے منفرد مقابلے منعقد ہوئے جن میں ملک بھر سے اعلیٰ نسل کے 200 قریب بیلوں اور انکے مالکان نے شرکت کی۔ ان مقابلوں کو دیکھنے کے لئے شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس دوران علاقے میں جشن کا سماں تھا۔ لوگ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔

فائنل دوڑ کے مہمان خصوصی تحریک انصاف کے ضلعی رہنما میاں امتیاز احمد، صوبائی صدر بیل گاڑی ایسوسی ایشن سیٹھ محمد بوٹا، چوہدری عاصم جاوید تھے۔ فائنل مقابلے میں عبد السلام جٹ اور چوہدری سرفراز کی بیل جوڑی فخر ٹوبہ اورچھینا نے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ چوہدری مقصود احمد اور فوجی عباس کی بیل جوڑی لاکھا اور کتوبری نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ رانا مرسلین اور بشارت اعوان کی بیل جوڑی نیلا اور لاکھا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پہلے نمبر پر آنے والے بیلوں کی جوڑی کو 40 ہزار روپے نقد، دوسرے نمبر پر آنے والے بیلوں کو 30 ہزار روپے، تیسرے نمبر پر آنے والے بیلوں کو 20 ہزار نقد رقم دی گئی۔ کامیاب بیلوں کے مالکان میں میاں امیتاز احمد و دیگر نے نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

بیل کے مالک میاں سرفراز نے کہا کہ پنجاب بھر میں مسلسل چھٹی مرتبہ پہلی پوزیشن لی ہے، میرے بیل ہر سال ان مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں کیونکہ یہ زمینداروں کا خالص دیسی کھیل ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد بھارت سے ہجرت کر کے یہاں آئے تھے اور وہ وہاں بھی بیل گاڑی کے مقابلوں میں حصہ لیتے تھے۔

ٹورنامنٹ میں پنجاب بھر سے دو سو کے قریب بیلوں نے حصہ لیا، مالکان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں