ایکدوسرے پر کیچڑ اچھال کر پاکستان کی ساکھ تباہ نہ کریں: رمیز راجہ کا سابق کرکٹرز کو مشورہ

لاہور: (ویب ڈیسک) رمیز راجہ نے یوٹیوب پر سابق کرکٹرز کو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا ایکدوسرے پر کیچڑ اچھال کر پاکستان کی ساکھ تباہ نہ کریں۔

شعیب اختر نے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی پر کھلاڑیوں کا کیریئر تباہ کرنے سمیت سنگین الزامات عائد کیے تھے جس پر انھیں قانونی نوٹس بھجوایا گیا، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں بھی شکایت درج کرائی گئی، سپیڈ سٹار کرکٹ پر بات کرتے ہوئے اکثر مختلف لوگوں کے خلاف انتہائی سخت الفاظ استعمال کر جاتے ہیں۔

رمیز راجہ نے اپنے یو ٹیوب چینل پر شعیب اختر کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال کر پاکستان کی ساکھ تباہ نہ کریں، مائیک میں بڑی طاقت ہے، میڈیا پر الفاظ سوچ سمجھ کر استعمال کریں، کسی کی پگڑی اچھالنے میں صرف 2 سیکنڈز لگتے ہیں، اس لیے محتاط رہتے ہوئے ہمیں ایک دوسرے کی عزت اور ایسی بات کرنا چاہیے جو قابل قبول ہو۔

انھوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے تو حد ہی پار کر دی، یہ بات اس لیے کر رہا ہوں کہ پی سی بی کو سائبر کرائمز ونگ سے رجوع کرنا پڑا، کبھی انسان کو مایوسی ہوتی ہے لیکن تنقید کا بھی ایک طریقہ ہونا چاہیے، سابق کرکٹرز نے یوٹیوب چینل کھول لیے لیکن بات تو ایسی کریں کہ ذاتی نہ لگے اور متاثرین ایف آئی اے کے پاس جانے پر مجبور نہ ہوں، کرکٹ ہی سابق کرکٹرز کی روٹی روزی ہے لیکن گذشتہ چند ماہ میں منفی سرخیاں بنی ہیں، تنقید کریں مگر اس میں دانشمندی نظر آنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں