نامعلوم نمبروں سے آنے والی مشکوک فون کالز ذہنی کوفت کا باعث تو بنتی ہی ہیں لیکن اگر آپ بے حد محتاط نہ ہوں تو کوئی ایسی ہی کال آپ کیلئے بہت بڑے مالی نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے

لندن (ویب ڈیسک) نامعلوم نمبروں سے آنے والی مشکوک فون کالز ذہنی کوفت کا باعث تو بنتی ہی ہیں لیکن اگر آپ بے حد محتاط نہ ہوں تو کوئی ایسی ہی کال آپ کیلئے بہت بڑے مالی نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
آج کل تقریباً 90 فیصد لوگوں کو ہفتے میں پانچ سے 30 منٹ کی کالز نامعلوم نمبروں سے موصول ہورہی ہیں اور ان افراد میں سے تقریباً 20 فیصد آن لائن فراڈ کرنے والوں کے چنگل میں پھنس رہے ہیں۔ تحقیقاتی ادارے سی پی آر بلاکر کے مطابق آج کل فون کالز کے ذریعے پانچ قسم کے فراڈ عروج پر ہیں۔
سرفہرست قسم وہ ہے جس میں جرائم پیشہ افراد آپ کو کال کرکے بتاتے ہیں کہ وہ ’مائیکروسافٹ ونڈوز سپورٹ ٹیم‘ کی جانب سے کال کررہے ہیں اور آپ کے کمپیوٹر کو وائرس کے خطرے سے بچانے کیلئے انہیں آپ کا پاسورڈ درکار ہے۔ ایسے لوگوں کو کبھی بھی پاسورڈ مت دیں کیونکہ اسے آپ کا قیمتی ڈیٹا چرانے اور آپ کو بلیک میل کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
اسی طرح کچھ لوگ کال کرکے کہتے ہیں کہ وہ بینک کی جانب سے آپ سے رابطہ کررہے ہیں اور آپ کے اکاؤنٹ میں پیدا ہونے والے کسی مسئلے کے حل کیلئے آپ کا پن کوڈ یا اکاؤنٹ کی دیگر تفصیلات چاہتے ہیں۔ یہ لوگ بھی محض فراڈیے ہوتے ہیں اور آپ کے اکاؤٹ سے رقم اڑانے کے چکر میں ہوتے ہیں۔
آپ کو کال کر کے پنشن سیونگ یا سرمایہ کاری سے متعلق مشاورت فراہم کرنے کی آڑ میں ذاتی نوعیت کا ڈیٹا لینے والے بھی بالآخر اسے مالی فراڈ کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ بعض اوقات یہ بھی ہوتا ہے کہ آپ کو مس کال آتی ہے اور ساتھ ہی ایک میسج موصول ہوتا ہے جس میں کال بیک کرنے کیلئے کہا جاتا ہے۔ جب آپ ایسے نمبر پر کال کرتے ہیں تو عموماً یہ پریمیم ریٹ لائن ہوتی ہے جس کی وجہ سے آپ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
فون کال کے ذریعے کئے جانے والے فراڈ کی آخری قسم ہمارے ہاں بہت ہی عام پائی جاتی ہے۔ یہ لوگ عموماً آپ کو بڑا انعام جیتنے کی خوشخبری سناتے ہیں اور اس انعام کے حصول کیلئے کچھ رقم دئیے گئے اکاؤنٹ میں جمع کروانے کو کہتے ہیں۔ ان فراڈیوں کے ہاتھوں بھی بے شمار لوگ اب تک لٹ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں