ٹیسٹ کرکٹ سے بیزار وہاب نے آخرکار گھٹنے ٹیک دیئے

لاہور: (سٹی نیوز) ٹیسٹ کرکٹ سے بیزار قومی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے آخرکار حالات کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے جن کا کہنا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر انگلینڈ میں ٹیسٹ میچز بھی کھیلنے پر تیار ہیں۔

واضح رہے کہ تجربہ کار پیسر وہاب ریاض کو 2020-21 کے سیزن کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ بھی نہیں مل سکا جبکہ انہیں ماضی قریب میں قومی ٹیم کیلئے بھی قابل غور نہیں سمجھا گیا جس کی وجہ ان کا ٹیسٹ کرکٹ سے گریزاں ہونا تھا البتہ حالات کو ناموافق محسوس کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے پیسر نے اعلان کر دیا کہ انگلینڈ کے دورے پر اگر ان کی خدمات درکار ہوتی ہیں تو وہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلئے بھی تیار ہیں۔

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی کہ وہاب ریاض سے ان کی اس بابت گفتگو ہو چکی جنہوں نے ضرورت کے وقت طویل فارمیٹ کیلئے اپنی دستیابی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ قومی چیف سلیکٹر کے مطابق انہوں نے سکواڈ میں 10 فاسٹ باؤلرز اور 4 سپنرز اس وجہ سے شامل کئے ہیں کہ کورونا وائرس پروٹوکولز کے تحت نئی پلیئنگ کنڈیشنز سے ہم آہنگی میں انہیں کچھ وقت لگے گا لیکن امید ہے کہ وہ گیند چمکانے کیلئے تھوک کا استعمال نہ کرنے کیساتھ وکٹ کے حصول پر جشن منانے کی روایت سے گریز کرنا سیکھ جائیں گے۔

چیف سلیکٹر کے مطابق فاسٹ باؤلرز کی تین ماہ تک میچز اور نیٹ پریکٹس کے بغیر ردھم میں واپسی آسان نہیں لیکن توقع ہے کہ دس میں سے کچھ پیسر جلد حقیقی کارکردگی کی طرف پلٹ آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں