گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس نے شہر کو موٹروے لنک نہ ملنے احتجاجی کیمپ لگا لیا

گوجرانوالہ: (سٹی نیوز) ملک کے پانچویں بڑے صنعتی شہر گوجرانوالہ کو موٹروے سے لنک نہ مل سکا جس پر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس نے حکومت کے خلاف احتجاجی کیمپ لگا لیا۔

ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کا درجہ رکھنے والے گوجرانوالہ کے تاجروں کو ہمیشہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے نظر انداز کیا جاتا رہا، گوجرانوالہ کو موٹروے ایم ون اور ایم ٹو سے لنک نہ ملنے پر صنعتکار اور تاجر سراپا احتجاج بن گئے، گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ جی ٹی روڈ پر لگا دیا گیا۔

صنعتکاروں اور تاجروں نے گوجرانوالہ کو موٹروے سے لنک نہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں بھی گوجرانوالہ کو نظر انداز کیا گیا اور موجودہ حکومت بھی اس شہر کے صنعتکاروں اورعوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ موٹروے سے لنک نہ ہونے کی وجہ سے کئی شہروں کے خریدار لاہور و دیگر شہروں کا رخ کر لیتے ہیں جس سے گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کو سخت مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں