گھر میں ٹوٹا ہوا تارہ آن گرا

تبلیسی(ویب ڈیسک) آسمان سے ٹوٹتے تارے کو تو ہر کسی نے دیکھا ہو گا لیکن جارجیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے ساتھ کچھ الگ ہی واقعہ پیش آ گیا، اس کے گھر میں ٹوٹا ہوا تارہ آن گرا۔
جے سلیونٹ نامی شخص کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھر کے اندر موجود تھا کہ اچانک اسے ایک دھماکے کی آواز سنائی دی۔ وہ سمجھا کہ شاید اس کے گھر کے پچھواڑے کوئی ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے لیکن باہر جا کر دیکھا تو کچھ بھی نہیں تھا۔ کچھ دیر بعد وہ اپنے گھر کے پائیں باغ میں گیا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ ایک جگہ سے گھاس جلی ہوئی تھی اور اس کے مرکز میں ایک شعلہ جلتا ہوا نظر آرہا تھا۔ وہ جب قریب گیا تو دیکھا کہ یہ گلابی رنگ کا شعلہ تھا اور اس میں سے بے پناہ حرارت خارج ہورہی تھی۔ آگ کا رنگ اور حرارت کی شدت دیکھ کر اسے یہ سمجھنے میں دیر نہیں لگی کہ یہ شہاب ثاقب تھا جو فضا میں جلنے کی بجائے جلتا ہوا اس کے پائیں باغ میں آن گرا تھا۔ جے سلیونٹ نے اس منظر کی ویڈیو بنائی اور یہ نایاب نظارہ ساری دنیا کو بھی دکھا دیا۔
یاد رہے کہ عام طور پر شہاب ثاقب بے پناہ حرارت کی وجہ سے فضا میں ہی جل کر راکھ ہوجاتے ہیں لیکن اگر اس کی جسامت قدرے بڑی ہو تو یہ جلتا ہوا زمین پر بھی آن گرتا ہے۔ خوش قسمتی سے جے سلیونٹ کے گھر میں گرنے والے شہاب ثاقب کی جسامت بہت بڑی نہیں تھی ورنہ شاید انہیں اس کی ویڈیو بنانے کا موقع ہی نہ مل پاتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں