موت کے وقت جسم میں کیا تبدیلی آتی ہے، سائنسدانوں نے پہلی مرتبہ ویڈیو بنا لی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) موت کیسے آتی ہے؟ اس سوال کا جواب جاننے کے لیے اب تک کئی تحقیقات کی جا چکی ہیں تاہم حتمی طور پر کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ اب پہلی بار سائنسدانوں نے موت کے وقت جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کی ایک ویڈیو بنا لی ہے جسے دیکھ کر ہر کسی کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کالج لندن کے سائنسدانوں کی بنائی گئی اس ویڈیو ’راؤنڈ ورم‘ (ایک طرح کا کیڑا)کی موت دکھائی گئی ہے۔ اس کیڑے میں موت کا طریقہ کار انسانوں سے بہت مشابہہ ہے۔ اس ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ موت ایک خلیے سے دوسرے تک منتقل ہوتی ہے اور انتہائی سرعت کے ساتھ پورے جسم میں پھیلتی چلی جاتی ہے۔ ویڈیو میں نیلے رنگ کے ذریعے سائنسدانوں نے خلیوں میں موت کے پھیلاؤ کو ظاہر کیا ہے۔
جب موت آتی ہے تو انسانی جسم میں موجود کیمیکلز میں شدید بگاڑ آجاتا ہے، مردہ خلیے سے کیلشیئم خارج ہوتی ہے جو اس سے اگلے خلیے کو مردہ کر دیتی ہے، اور پھر یہ سلسلہ آگے چلتا جاتا ہے، حتیٰ کہ پورا جسم مردہ ہو جاتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ایو جینی گیلیموف نے بتایا کہ موت جسم میں اس طرح پھیلتی ہے جیسے کسی گھر میں آگ۔ جب گھر میں آگ لگتی ہے تو وہ ایک چیز سے آگے دوسری چیز کو لگتی چلتی جاتی ہے اور بالآخر پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیتی ہے۔ موت بھی بالکل اسی طرح ایک خلیے سے دوسرے خلیے کو لپیٹ میں لیتی ہے اور انتہائی تیزی سے پھیلتی ہوئی پورے جسم کو مردہ کر دیتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں