صومالیہ : ہوٹل پر حملے میں 16 افراد ہلاک، متعدد زخمی

موغا ديشو: (ویب ڈیسک) صومالیہ کے ساحلی علاقے میں لگژری ہوٹل پر حملے میں 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 43 افراد زخمی ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت کے ساحلی علاقے میں ایک ہوٹل پر خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرادی جس سے افراتفری مچ گئی اور 5 مسلح حملہ آور ہوٹل میں داخل ہوگئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوگئے۔

ہوٹل پر حملے کے اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا، حملہ آوروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں پانچوں حملہ آور مارے گئے جب کہ سیکیورٹی اہلکار سمیت 12 شہری ہلاک ہوگئے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی شہریوں کے شامل ہونے کا خدشہ ہے۔ حملے کی ذمہ داری الشباب نے قبول کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں