کرکٹر عمر اکمل کی کرکٹ کے میدانوں میں جمے رہنے کی آخری امید بھی ٹوٹ گئی

دبئی (سٹی نیوز )کرکٹر عمر اکمل کی کرکٹ کے میدانوں میں جمے رہنے کی آخری امید بھی ٹوٹ گئی ،پی ایس ایل 3میں بد ترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر ان کا لاہور قلندر کے ساتھ سفر ختم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ۔پشاور زلمی کیخلاف میچ میں بڑے مضحکہ خیز انداز میں رن آوٹ ہونے پر انگلیاں اٹھیں، مینجمنٹ نے ان کو ڈراپ کرکے میدان میں لانے سے بھی گریز کرتے ہوئے ٹیم ہوٹل تک محدود کردیا،ان کے بغیر ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوتی گئی، پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کا موقع تو ہاتھ سے نکل گیا لیکن شکستوں کا سلسلہ ضرور ختم ہوگیا۔
”کرک انفو“ کے مطابق ڈراپ ہونے کے باوجود عمراکمل کو ملنے والے ایک لاکھ 60ہزار ڈالرز کو کوئی خطرہ نہیں تھا لیکن انھوں نے میڈیا میں کپتان برینڈن میک کولم کے اپنے حوالے سے بیانات پر چراغ پا ہوکر مینجمنٹ کو موبائل فون پر پیغامات بھیجنا شروع کردیے۔اگرچہ ایونٹ کی ساکھ خراب ہونے کا خدشہ پیش نظر رکھتے ہوئے کھل کر ان کیخلاف کوئی بات منظر عام پر نہیں لائی گئی تاہم سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے کے بعد اب پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے ساتھ بھی ان کا سفر تمام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔عمر اکمل پی ایس ایل کے اس سیزن میں پانچ میچوں میں صرف 57رنز ہی بنا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں