وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نوازنے دبئی اور ابوظہبی سے مزید ریکارڈ منگوالیا

اسلام آباد(سٹی نیوز ) جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے بعد وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نوازنے دبئی اور ابوظہبی سے مزید ریکارڈ منگوالیا جبکہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ کے برعکس مشینری کی درآمد کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کا عندیہ دیدیا۔
سپریم کورٹ میں پاناما عمل درآمد کیس کی سماعت کے دوران حسین نوازکے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دینے کیلئے مہلت طلب کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ کچھ اہم ریکارڈ دبئی اور ابوظہبی سے حاصل کرلیا، وہ ریکارڈ کل فائل کردوں گا بلکہ کوشش کروں گا کہ آج شام تک ہی چیمبر میں جمع کرادوں جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ آپ کے پاس جے آئی ٹی کی کارروائی کے دوران یہ ریکارڈ حاصل کرنے اور پیش کرنے کا پورا موقع تھا۔سلمان اکرم راجہ نے بتایاکہ جے آئی ٹی نے الزام لگایا کہ پچیس فیصدحصص 1980ء میں فروخت نہیں ہوئے،جے آئی ٹی نے قراردیاہے کہ مشینری کی درآمد کا ریکارڈ بھی موجود نہیں لیکن ہم نے محکمہ کسٹم سے حاصل کرلیاہے ، بینی فیشل اونر سے متعلق بھی دستاویزات پیش کروں گا، رپورٹ میں حسین نواز پر سنگین الزامات لگائے گئے ،اس لیے اب ہمیں یہ ریکارڈ حاصل کرنا پڑا،ریکارڈ مرتب کرکے آج شام تک ہی چیمبرمیں پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔ سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ابھی ریکارڈ کا بتا کر میڈیا میں خبرنہیں بناناچاہتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں