بھارت نے ہمارے معاشی منصوبوں کی نقل کی، اس پر عمل درآمد بھی کردیا: وزیرداخلہ احسن اقبال

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے معاشی واصلاحاتی منصوبوںکی نقل کی ہے اور اس پر کامیابی کیساتھ عمل درآمد بھی کردکھایا جبکہ مجموعی طورپر سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہم موقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکے ۔
پاکستان نیشنل سنٹر فار سائبرسیکیورٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ و وفاقی وزیر منصوبہ بندی برائے ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ 90کی دہائی میں بھارتی وزیرخزانہ منموہن سنگھ نے پاکستانی ہم منصب سرتاج عزیز سے معاشی اصلاحات کی معلومات لیںاور پھر کامیابی کیساتھ ان پر بھارت میں عمل درآمد کردیا، اسی طرح کی سٹریٹجیز بنگلہ دیش نے بھی استعمال کیں لیکن کئی عشرے گزر جانے کے باوجود سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان اپنے ہی منصوبے پر عمل درآمد نہ کرسکا ۔
وفاقی وزیرکاکہناتھاکہ پاکستانی معیشت کی ترقی کا پہلا موقع 60کی دہائی ، دوسرا 90کی دہائی اور تیسرا موقع اب ہے ، جو ماضی کی طرح ہمیں کھونا نہیں چاہیے ، امن و استحکا اور تسلسل معاشی ترقی کیلئے ضروری ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ کیوں بہت سے ملک جو ہم سے پیچھے ، اب آگے نکل گئے ہیں، چین کی فی کس آمدنی پاکستان سے کم تھی لیکن اب یہ کئی گنا بڑھ چکی ہے ، اسی طرح بنگلہ دیش کے غیرملکی ذخائر 33بلین تک پہنچ گئے جواس سے پہلے 18بلین ڈالر تھے ، ہم کب تک دوسرے ممالک کو اپنے سے بڑھتے ہوئے دیکھتے رہیں گے ۔
احسن اقبال کاکہناتھاکہ اگر معاشی طور پر مضبوط نہ ہوں تو ٹینکس اور میزائل کسی ملک کو نہیں بچاسکتے، مسلح افواج نے قربانیاں دیں اور دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتی لیکن یہ بھی تب ممکن تھا جب قومی بجٹ میں فنڈز موجود تھے ، ایک وقت تھا جب ہرطرف دہشتگرد تھے لیکن پھر ریاست نے انہیں شکست دی ، اگر ہم اس موقع کو ہاتھ سے جانے دیتے تو تاریخ اور آنیوالی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہ کرتیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ 2013ءمیں پاکستان میں 2Gوائرلیس ٹیکنالوجی استعمال ہورہی تھی لیکن اب پاکستان دنیا میں 5Gٹیکنالوجی استعمال کرنیوالے ممالک میں پہلے نمبر وں پر ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں