امریکہ میں نسلی امتیاز کیخلاف دھرنے پر پولیس کا دھاوا، متعدد افراد زخمی

واشنگٹن: (سٹی نیوز) امریکی شہر پورٹ لینڈ میں نسلی امتیاز اور پولیس تشدد کے خلاف جاری دھرنے پر پولیس نے دھاوا بول دیا، آنسو گیس کے شیل پھینکے جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

جدید اسلحے سے لیس امریکی فوجیوں کی مظاہرین کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے، اہلکاروں نے آنسو گیس کے شیل پھینکے، دھواں پھیلنے سے کئی مظاہرین دم گھٹنے جیسی کیفیت میں مبتلا ہو گئے جس پر دیگر مظاہرین میں مزید اشتعال پھیل گیا۔

کافی دیر تک پولیس اہلکار اور مظاہرین آمنے سامنے رہے، احتجاج کرنے والے حکومت اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، پورٹ لینڈ شہر کے مرکز میں ہزاروں افراد نسلی امتیاز کے خلاف احتجاج میں شریک ہیں۔ شہر میں حالات خراب ہونے پر پورٹ لینڈ کے میئر نے وفاقی اہلکاروں کی واپسی کا مطالبہ کر دیا۔

واضح رہے کہ امریکہ میں سیاہ فام شہریوں کیخلاف نسلی امتیاز کا مسئلہ ہمیشہ سے موجود رہا ہے، چند ماہ قبل سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے امریکہ بھر میں مظاہرے جاری ہیں حتی کہ فسادات کے دوران لوٹ مار کا عمل بھی جاری رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں