نواز شریف کے خاندان والے بھی جانتے ہیں وہ صحت مند ہیں: فواد چودھری

اسلام آباد: (سٹی نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خاندان والے بھی جانتے ہیں وہ صحت مند ہیں، رپورٹس غلط دینے کا مطلب جعلسازی ہے، اب دیکھتے ہیں کون کون پکڑا جاتا ہے، پنجاب حکومت تحقیقات کرے گی۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کا کہا ہے، پنجاب حکومت میڈیکل رپورٹس کے معاملے کی تحقیقات کرے گی، نیب آزاد ادارہ ہے، فضل الرحمان اس وقت کرائے کے ہجوم کی پارٹی چلا رہے ہیں، میں پہلے بھی کہہ رہا تھا نواز شریف کوئی بیمار نہیں ہے، ترس نہ کھاؤ، مریم نواز ہو یا نواز شریف ہو ان کا دردایک ہی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا مریم نواز اور شہباز شریف کی خواہش ہے کہ ان کیخلاف کیسز بند ہوں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا، آپا اور پاپا چاچا کی سیاست کا بیڑہ غرق کرنا چاہتے ہیں، جب کسی کیس میں تیزی آتی ہے تو وہ لوگ سیاسی دباؤ پیدا کرتے ہیں، شہباز شریف اور بلاول مل کر بھی جلسہ کریں تو ایک شادی ہال میں بندے اکھٹے نہیں کرسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں