کراچی میں بادل برس پڑے، موسلا دھار بارش، کئی علاقوں‌ میں‌ بجلی غائب

کراچی: (سٹی نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کئی علاقوں‌ سے بجلی غائب ہو گئی. محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

کراچی میں مون سون کے تیسرے سپیل کے دوران مختلف علاقوں میں بارش پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ سرجانی ٹاون، کلفٹن، بوٹ بیسن، گڈاپ، گارڈن، فیڈرل بی ایریا، جمشید روڈ میں تیز بارش ہوئی۔ بارش کے بعد گلشن اقبال، لیاقت آباد، نارتھ کراچی کے علاوہ ناگن چورنگی، کریم آباد، لانڈھی اور بفرزون میں بجلی غائب ہو گئی۔ سہراب گوٹھ، ملیر، یونیورسٹی روڈ، لیاری میں بھی شہری بجلی کو ترستے رہے۔

کراچی میں بارش کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، شہر کی بیشتر شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس دوران صوبائی اور شہری حکومت منظر نامے سے غائب نظر آئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا میانہ شدت کا سسٹم صوبے میں داخل ہو رہا ہے جس کے تحت بارش کے ساتھ تیز ہواوں اور گرج چمک کا امکان ہے، بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا جبکہ آندھی چلنا بھی متوقع ہے، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں