پہلا ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو اننگز اور 65 رنز سے ہرا دیا

ماؤنٹ مانگینوئی: نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو اننگز اور 65 رنز سے ہرا کر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی، انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیل ویگنر نے 5 وکٹیں حاصل کیں، بی جے واٹلنگ کو ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 207 رنز درکار تھے اور اس کی 7 وکٹیں باقی تھیں مگر نیل ویگنر کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث انگلینڈ کی پوری ٹیم 197 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جو ڈینلی نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں جوفرا آرچر 30، سام کرن 29 اور بین سٹوکس 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

انگلش کپتان جوروٹ اور جوز بٹلر بھی اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے، نیل ویگنر نے 44 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کیوی وکٹ کیپر بیٹسمین بی جے واٹلنگ کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی پہلی اننگز 353 رنز کے جواب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 615 رنز بنائے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں