پاکستان نیول اکیڈمی میں مڈ شپ مین اور شارٹ سروس کورس کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد

کراچی: (سٹی نیوز) پاکستان بحریہ کی 113 ویں مڈ شپ مین اور 22 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں منعقد ہوئی۔ کمیشننگ ٹرم 100 مڈ شپ مین اور شارٹ سروس کمیشن کے 65 کیڈٹس پر مشتمل تھی۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان نیول اکیڈمی آمد پر پاک بحریہ کے کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کمیشننگ ٹرم کو پاکستان کی بحری سرحدوں کے محافظ بننے پر مبارکباد پیش کی۔

وائس ایڈمرل آصف خالق نے پاکستان نیول اکیڈمی میں تربیت پانے والے برادر ممالک کے مڈ شپ مین کی بھی تعریف کی جو کہ وبائی مرض کرونا کے باعث اس پروقار تقریب میں شمولت اختیار نہیں کر سکے۔ انہوں نے پاک بحریہ کی جانب سے حال ہی میں اپنے بحری بیڑے میں شامل کئے گئے جدید جہازوں کا بھی ذکر کیا اور افسروں کو عصر حاضر کی جدید جنگی ٹیکنالوجی اور خطے کی جیو اسٹریٹجک صورتحال سے ہم آہنگ رہنے اور پیشہ وارانہ مہارت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وائس ایڈمرل آصف خالق نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے اور آرٹیکل 370 کی یک طرفہ اور غیر قانونی معطلی کی شدید انداز میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی اپنے ہی ملک اور پوری دنیا میں جگ ہنسائی اور اشتعال انگیزیوں نے ہماری مسلح افواج پر دفاعی اور جنگی اعتبار سے ہمہ وقت تیار رہنے کی ذمہ داری کو بڑھا دیا ہے۔

بعد ازاں وائس ایڈمرل آصف خالق نے پوزیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس اور مڈشپ مین میں انعامات تقسیم کئے۔ لیفٹیننٹ ارسلان طارق نے قائد اعظم گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مڈشپ مین عبدالرحمان نے اعزازی شمشیر جبکہ مڈ شپ مین احمد اقبال بزمی نے اکیڈمی ڈرک جیتی۔ افسر کیڈٹ محمد حسن جلال نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل اور شارٹ سروس کورس کے آفیسر کیڈٹ محمد عثمان خان نے کمانڈنٹ گولڈ میڈل جیتا جبکہ مین ٹاپ سکواڈرن پرافیشنسی بینر کا ایک بار پھر فاتح رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں