عالمی مارکیٹ میں سونا 37 ڈالر فی اونس مہنگا، ریٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی: (سٹی نیوز) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج سونا عالمی منڈی میں 37 ڈالر مہنگا ہوکر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

عالمی سطح پر شرح سود میں کمی کے باعث سرمایہ کار بینکوں اور بانڈز سے اپنا سرمایہ نکال کر سونے میں سرمایہ کاری کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سونے کی قیمت عالمی منڈی میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ آج عالمی منڈی میں سونا ٹریڈنگ کے دوران 37 ڈالر فی اونس مہنگا ہو کر 1 ہزار 933 ڈالر فی اونس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اس سے پہلے ستمبر 2011 میں سونا 1ہزار 921ڈالر فی اونس ہو گیا تھا۔

عالمی منڈی کے اثرات ملکی سونے کی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز سونا 14سو روپے فی تولہ مہنگا ہوکر 1لاکھ 18 ہزار 7 سو روپے کا ہو گیا تھا۔ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک میں سونے کے خریدار نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں، جس کے باعث کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں