لاک ڈاؤن کے دوران غریب افراد کی معاونت کو موثر بنایا جائے، صدر مملکت عارف علوی

اسلام آباد: (سٹی نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کے اقدامات تسلی بخش ہیں، لاک ڈاؤن کے دوران غریب افراد کی معاونت کو موثر بنایا جائے۔

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مربوط لائحہ عمل کے تسلسل کو قائم رکھیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات تسلی بخش ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت لاک ڈاؤن کے دوران متاثر ہونے والے افراد کی مدد کو موثر بنائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل، گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی، وزیراعلیٰ جام کمال اور کمانڈرز سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل وسیم اشرف سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے صدر مملکت کو بلوچستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں