مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضہ اقوام متحدہ اور عالمی قانون کیلئے کھلا چیلنج ہے، شہباز شریف

لاہور: (سٹی نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جرات اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کشمیری بھارتی ظلم واستبداد کا اپنے آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر قبضہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی قانون کے لئے کھلا چیلنج ہے۔ نہتے کشمیری عوام حق استصواب رائے کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر جام شہادت نوش کر رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019ء سے مودی کی بربریت اور ظلم کا ایک نیا بھیانک دور شروع ہوا۔ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن اور دیگر غیر انسانی اور عالمی قانون کی صریحاً خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جائیدادیں ہتھیائی اور ریاستی دہشت گردی سے زندگیاں چھینی جا رہی ہیں۔ یہ اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں کہ سب سے تیزی سے کورونا وبا مقبوضہ کشمیر میں پھیل رہی ہے۔ مقبوضہ وادی میں اب تک 500 سے زائد کورونا متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بھارتی حکومت کورونا کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیار بنا چکی ہے۔ یہ مسلمانوں اور کشمیریوں سے نفرت کی مودی کی گھناؤنی سوچ کا مظہر ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں