پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 97 پوائنٹس کا اضافہ، انٹر بینک میں ڈالر 12 پیسے مہنگا

کراچی: (سٹی نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے بعد سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند ہیں، آج ٹریڈنگ کے دوران 97 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا، انٹر بینک میں ڈالر 12 پیسے مہنگا ہو گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے دوسرے روز سرمایہ کاروں نے وطن سے محبت اور دہشتگردی کے خلاف بھرپور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریڈنگ میں بھرپور حصہ لیا، سٹاک مارکیٹ میں 97 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 34ہزار 281 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر 12 پیسے اضافے کے بعد 168 روپے 30 پیسے پرفروخت ہوا۔

کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ نے آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا، لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اور میجر جنرل عمر بخاری نے انتظامیہ اور بروکرز سے ملاقات کی اور انہیں سکیورٹی سے متعلق ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ سٹاک ایکس چینج کے عہدیداران نے گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کے بروقت ایکشن کو سراہا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز دشمن ملک کے ایما پر دہشتگردوں نے پاکستان کی معیشت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جو پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دی۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج پر 4 دہشتگردوں نے بھاری اسلحے سے لیس ہو کر ہلہ بولا تھا جنہیں رینجرز اور ریپڈ رسپونس فورس کے جوانوں نے نے مذموم مقاصد کے تکمیل سے پہلے ہی مار گرایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں