بگڑا شہزادہ سدھر نہ سکا، عمر اکمل کی دبئی میں موج مستیاں جاری

دبئی: آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کو ایک طرف لگاتار شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو دوسری طرف بلے باز عمر اکمل کی موج مستیاں ختم نہیں ہو رہی ہیں۔
قومی ٹیم کے بلے باز عمر اکمل متحدہ عرب امارات کے نائٹ کلب میں مزے کرتے رہے۔ اس حوالے سے ان کی ایک ویڈیو منظر عام پر آ گئی جس میں وہ نائٹ کلب میں موج مستیاں کرتے نظر آ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی عمر اکمل ڈانس پارٹیوں میں جاتے رہے ہیں۔ 2015ء میں حیدر آباد پولیس نے نائٹ کلب واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے انھیں کلین چٹ دیدی تھی۔
عمر اکمل پر الزام تھا کہ انہوں نے حیدر آباد کے ایک نائٹ کلب میں ناصرف شرکت کی بلکہ قابل اعتراض حرکتیں بھی کی تھیں جس کے بعد پولیس نے ان کیخلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
تاہم پولیس نے اپنی تحقیقات سے پی سی بی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نائٹ کلب واقعے میں عمر اکمل کی شمولیت کے کوئی ثبوت نہیں مل سکے ہیں۔
اس حوالے سے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ مجھے ایسے معاملات میں نہ الجھائیں، مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ایسی باتوں سے میری فیملی ڈسٹرب ہوتی ہے، ڈانس پارٹی معاملے پر کچھ نہیں بتا سکتا۔ حیدر آباد واقعہ غلط ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں