شاہ محمود قریشی کے سرکاری میٹنگ میں شرکت کے اعتراض پر جہانگیر ترین بھی میدان میں آ گئے ، جواب جاری کر دیا

لودھراں :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سرکاری میٹنگز میں شرکت پر اعتراض کے بعد جہانگیر ترین بھی میدان میں آ گئے ہیں اور جواب جاری کر دیا ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے شاہ محمود قریشی کے بیان پر جواب جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ میں جہاں بھی جاتاہوں وزیراعظم عمران خان کی مرضی اور خواہش پر جاتا ہوں ، سیاسی معاملات کے حوالے سے میں صرف وزیراعظم عمران خان کو ہی جواب دہ ہوں ۔ جہانگیر ترین کا کہناتھا کہ پاکستان کی خدمت میرا حق ہے اور شاہ محمود سمیت ملکی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا ۔
دوسری جانب جہانگیرترین نے اس کے کچھ ہی دیر کے بعد ٹویٹر پر بھی پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہناتھا کہ ’’میری زندگی میں صرف ایک ہی ایسا شخص ہے جسے میں لیڈر مانتا ہوں اور جسے میں جواب دہ ہوں اور اس کا نام عمران خان ہے ، میں ہر اتار چڑھاﺅ میں ان کے ساتھ رہا اور آخری سانس تک رہوں گا ۔دوسرے اپنی عجیب وجوہات کی وجہ سے کیا کہتے ہیں اس سے مجھے فرق نہیں پڑتا ۔‘‘
یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی کچھ دیر قبل پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے کہ اس دروان ایک صحافی نے جہانگیر ترین کی سرکاری اجلاسوں میں موجودگی سے متعلق سوال کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کی بے پناہ خدمات ہیں جن کی میں تعریف بھی کرتاتھااور کرتاہوں لیکن جہانگیر ترین سے کہوں گا کہ سوچیے ، آج جب آپ سرکاری میٹنگز میں بیٹھتے ہیں تو مریم اورنگزیب کو بولنے کا موقع ملتاہے جبکہ ن لیگ اس پر سوال اٹھاتی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں