وزیراعلیٰ پنجاب سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

لاہور: (سٹی نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اقدامات بات چیت کی گئی۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں مولانا طارق جمیل نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی قیادت میں پنجاب حکومت کے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ مولانا طارق جمیل نے خصوصی دعا بھی کی۔

مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں ہی سکون اور اطمینان ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت عام آدمی کی فلاح وبہبود پر پوری طرح توجہ ہے۔ آج تک کسی مخالف کے ساتھ بھی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ میرا اور میری حکومت کا مشن دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ریسکیو 1122 کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھایا ہے۔ پنجاب میں ایئر ایمبولینس چلانے کی تجویز زیر غور ہے۔ میری خواہش ہے کہ اس تجویز کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ایئر ایمبولینس کے شروع ہونے سے سیلاب، آتشزدگی اور دیگر قدرتی آفات میں لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران علمائے کرام کا تعاون لائق تحسین ہے۔ حکومت علمائے کرام کی قومی اور دینی خدمات کی معترف ہے۔ علمائے کرام نے ہر موڑ پر اور ہر مشکل کی گھڑی میں حکومت کی رہنمائی کی ہے۔ انتہا پسندی کے خلاف فکری اور نظریاتی جنگ میں بھی علمائے کرام کا کردار قابل تحسین ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں