6 منزلہ عمارت سے گرنے والے بچے کو بچا لیا گیا، ویڈیو وائرل

بیجنگ: چین میں مقامی شہریوں کی حاضر دماغی کے باعث چھٹی منزل سے نیچے گرنے والے بچے کو بچالیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی چین کے شہر کونگچن کے رہائشی اپارٹمنٹ میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب 3 سالہ بچے کو چھٹی منزل پر اپنی بالکونی سے لٹکا ہوا دیکھا گیا، بچہ بری طرح خوفزدہ تھا اور زار و قطار رو رہا تھا۔

علاقہ مکینوں نے ریسکیو اداروں کو فون کیا تاہم صورت حال ہنگامی اقدام کی متقاضی تھی جسے مدنظر رکھتے ہوئے ہمسائے ایک کمبل لے آئے اور آٹھ سے زائد افراد نے کمبل کو مضبوطی سے پکڑ لیا تاکہ بچہ فرش پر نہ گرنے پائے۔
کچھ ہی ساعتوں میں ہوا میں معلق بچے کی ہمت جواب دے گئی اور اس نے اپنے ہاتھ چھوڑ دیئے، بچہ براہ راست نیچے کھڑے رہائشیوں کے تھامے ہوئے کمبل پر گرا اور محفوظ رہا۔ بچے کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے معمولی طبی امداد کے بعد والدین کے ہمراہ جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں