نیب کا نیا چیئرمین آتے ہی پرانی فائلیں کھل گئیں، چوہدری برادران اورعلیم خان طلبی کے نوٹسز جاری

لاہور (سٹی نیوز) نیب کا نیا چیئرمین آتے ہی پرانی فائلیں کھل گئیں، اسحاق ڈار ، ان کی اہلیہ ، بچوں، چوہدری برادران اور پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے حکم پر نیب کے لاہور بیورو نے زیرالتوا کیسز پر کام تیز کر دیا ہے۔ نیب لاہور نے اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کو کل (جمعرات کو)جبکہ بچوں کو 6 نومبر کو طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ اور بچوں سے اثاثوں سے متعلق پوچھ گچھ کی جائی گی اور اگر اسحاق ڈار اور ان کا خاندان نیب ٹیم کو مطمئن نہ کر سکا توان کے اثاثے منجمد بھی کئے جاسکتے ہیں، اسحاق ڈار کے بیٹوں کو لندن میں سمن موصول کرادیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نیب نے تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو بھی طلب کر لیا ہے، نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق علیم خان کی لاہور میں 2 ہاو¿سنگ سوسائٹیاں ہیں جن میں سے ایک زرعی زمین پر غیر قانونی طور پر بنائی گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما علیم خان زرعی اراضی پرسوسائٹی بنا کر دھوکہ دہی کے مرتکب ہوئے۔ نیب نے ایل ڈی اے کو خط لکھ کر تمام سوسائٹیوں کا ریکارڈ بھی مانگ لیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہی کو بھی 6نومبرکو طلب کر رکھا ہے، نیب نے چوہدری برادران کو اثاثوں کے حوالے سے پرفارمے بھیجے تھے ،جس میں کہا گیا ہے کہ ان کو بھر کرجمع کرایا جائے، چوہدری برادران کے خلاف کیسز 17 سال سے زیر التوا تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں