چین نے کسی سی پیک منصوبے کے فنڈز نہیں روکے :حکام

اسلام آبا د (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کو آگاہ کیا گیا ہے کہ چین نے سی پیک منصوبوں کے فنڈز نہیں روکے تاہم چین نے فنڈنگ کا اندرونی طریقہ کار تبدیل کردیا ہے۔ 2011-12کے دوران جل کھڈ، ناران اور چلاس روڈ کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیداروں کو تاحال رقم کی ادائیگی نہ ہو سکی۔ رکن کمیٹی سرزمین نے ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں نہ کرنے پر پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینے کی دھمکی دے دی۔

کمیٹی نے ایف ڈبلیو او سے ایم نائن پر لگائے گئے سولر سسٹم سے چلنے والے سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

گزشتہ روز کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مزمل قریشی کی زیر صدارت ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے این ایچ اے کے حکام سے ا ستفسار کیا کہ سی پیک کے کچھ منصوبوں پر چین نے فنڈز روکے تھے ان منصوبوں کا موجودہ سٹیٹس کیا ہے ،تفصیلات بتائی جائیں۔ این ایچ اے حکام نے بتایا کہ چین نے کسی منصوبے کے فنڈز نہیں روکے۔اس حوالے سے احسن اقبال نے بھی گزشتہ ہفتے اس کی تردید کی ہے البتہ چین نے فنڈنگ کا اندرونی طریقہ کار تبدیل کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں