سعید اجمل نے بھی چار روزہ ٹیسٹ میچز کا آئیڈیا مسترد کردیا

لاہور: (سٹی نیوز) سابق ٹیسٹ آف سپنر سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ کو چار دن تک محدود کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ روزہ روایتی کرکٹ سے ایک دن کم کردینے کا کھیل کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں صحافیوں کیساتھ گفتگو میں سعید اجمل کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا اپنا ایک مقام ہے جس کے ساتھ اس انداز سے چھیڑ چھاڑ درست نہیں کیونکہ سپانسرز بھی قطعی نہیں چاہیں گے کہ ٹیسٹ میچ کا ایک دن کم کردیا جائے لہٰذا آئی سی سی کو چاہئے کہ وہ طویل فارمیٹ کی روایتی خوبصورتی اور دلچسپی کو قائم رکھنے کی کوشش کرے ۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا اصل رنگ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں جھلکتا ہے جسے ہر حال میں قائم رہنا چاہئے کیونکہ پانچ دن کا دورانیہ اس طرز کی کرکٹ کو دوسرے فارمیٹس سے علیحدہ کرتا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچوں کے پاکستان میں انعقاد کو پی سی بی کا زبردست اقدام قرار دیتے ہوئے سعید اجمل کا کہنا تھا کہ اس سے پرستاروں کو اپنے ہوم گراؤنڈز پر سٹارز کو دیکھنے کا موقع ملے گا اور کھلاڑی بھی ہوم کراؤڈ کے سامنے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں