کینیڈا میں ایک بچے کی موٹرسائیکل چوری ہو گئی تو اس کے باپ نے اس واردات کے متعلق فیس بک پر ایسا پیغام لکھ ڈالا کہ اگلے ہی روز چور معافی نامے کے ساتھ موٹرسائیکل واپس چھوڑ گیا

اوٹاوا(ویب ڈیسک) کینیڈا میں ایک بچے کی موٹرسائیکل چوری ہو گئی تو اس کے باپ نے اس واردات کے متعلق فیس بک پر ایسا پیغام لکھ ڈالا کہ اگلے ہی روز چور معافی نامے کے ساتھ موٹرسائیکل واپس چھوڑ گیا۔ بچے کے باپ فلیشر نے فیس بک پر موٹرسائیکل کی تصاویر پوسٹ کیں اور ساتھ لکھا کہ ’’یہ میرے کم سن بیٹے کی موٹرسائیکل تھی جو چوری ہو گئی ہے۔ برائے مہربانی اپنے اردگرد نظر رکھیں اور ملے تو ہمیں اطلاع دیں۔‘‘یہ پوسٹ چور نے بھی پڑھ لی اور اگلے روز وہ ایک خط کے ساتھ موٹرسائیکل گھر کے باہر چھوڑ گیا۔
رپورٹ کے مطابق چور نے خط میں لکھا کہ ’’ہیلو!میں اسے چوری کرنے پر معافی چاہتا ہوں۔ میں اور میرا دوست وہاں سے گزر رہے تھے۔ ہم نے موٹرسائیکل دیکھ کر سمجھا کہ شاید اسے استعمال کرنے والا بچہ اب بڑا ہو چکا ہے اور یہ کسی استعمال کی نہیں رہی چنانچہ ہم نے یہ چوری کر لی، لیکن پوسٹ پڑھنے پر ہمیں غلطی کا احساس ہو گیا۔ یہ بہت ٹوٹی پھوٹی تھی، ہم نے اسے دکان پر لیجا کر اس کی مرمت کروا دی ہے۔ اس میں پٹرول بھی بھروا دیا ہے اور نیا لاک بھی لگوا دیا ہے جو پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔امید ہے آپ ہمیں معاف کر دیں گے۔‘‘ خط کے آخر میں چور نے موٹرسائیکل کے مالک لڑکے کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ننھے لڑکے! اس پر سواری کرو، تم ہی اس کے مستحق ہو۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں