بازار سے خریدی گئی بریڈ اگر 48 گھنٹے کے دوران استعمال نہ ہو سکے تو یہ باسی ہوکر ناقابل استعمال ہوجاتی ہے

شنگھائی (ویب ڈیسک) بازار سے خریدی گئی بریڈ اگر 48 گھنٹے کے دوران استعمال نہ ہو سکے تو یہ باسی ہوکر ناقابل استعمال ہوجاتی ہے۔ تو کیا دو دن کے بعد بریڈ کو ضائع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں؟ خوش قسمتی سے ایسا نہیں ہے، اگر آپ بریڈ کو محفوظ رکھنے کے مفید گر جانتے ہیں۔ شنگھائی کی مشہور بیکری ’بریڈ ایکسیٹرا‘ نے بریڈ کو محفوظ رکھنے کے چھ بہترین اصول کچھ یوں بیان کئے ہیں:
بریڈ کو 48گھنٹے سے زائد کیلئے کبھی بھی عام درجہ حرارت پر نہ رکھیں۔ اگر آپ اسے استعمال نہیں کرنا چاہتے تو اسے فریزر میں رکھ دیں۔
بریڈ کو محفوظ کرنے سے پہلے ہر ٹکڑے کو دو حصوں میں کاٹ کر ان حصوں کو اس طرح اکٹھے کریں کہ اندرونی نرم حصے ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوں۔
بریڈ کو محفوظ کرنے کیلئے پلاسٹک کے ڈبے یا ایلومینیم کی شیٹ میں رکھیں تاکہ اس کے اندر نمی اور ہوا داخل نہ ہو۔
بریڈ کو محفوظ کرنے کیلئے بہتر طریقہ بریڈ باکس کا استعمال ہے۔ یہ دھات سے بنا ہوا ڈبہ ہوتا ہے جس کے اندر نمی اور ہوا داخل نہیں ہوسکتی اور یوں بریڈ لمبے عرصے تک محفوظ رہتی ہے۔
اگر آپ بریڈ کو ریفریجیٹر میں رکھیں گے تو اس میں ریٹرو گریڈیشن کا عمل ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ سخت ہوجاتی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپ اسے ریفریجیٹر کی بجائے فریزر میں محفوظ رکھیں۔
اگر یہ قدرے سخت ہوچکی ہے تو اسے تھوڑا سا نم کرکے مائیکروویو میں چند سیکنڈ کیلئے رکھیں۔ اب یہ نرم ہوجائے گی اور اگر آپ چاہیں توا س کے سخت کنارے چھری سے علیحدہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں