حج کرنے کے خواہشمندوں پر سعودی عرب نے بجلیاں گرادیں، پاکستانیوں کیلئے بھی انتہائی تشویشناک خبر آگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) حج 2018 مہنگا ہونے کا خدشہ، سعودی عرب نے حج سروسز پر 5 فیصد ٹیکس عائد کر تے ہوئے پاکستان کو مزید کوٹہ دینے سے معذرت کر لی ہے ، حج معاہدے کیلئے جانے والے وزارت مذہبی امور کے حکام کو ٹیکس نفاذ اور اضافی کوٹہ نہ ملنے کے فیصلوں سے آگاہ کر دیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے حج کیلئے آنے والے عازمین پر 5فیصد سروسز ٹیکس عائد کردیا ہے یہ ٹیکس سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ ،رہائش گاہوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر لیا جائے گا جس سے وزارت مذہبی امو رکے حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ امسال پاکستان سے مجموعی طور پر 1لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ سرکاری حج پالیسی کے مطابق حجا ج کا کوٹہ بڑھا کر 67 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ پرائیویٹ حج کوٹہ کم کرکے 33 فیصد کر دیا گیاہے، جس کے خلاف پرائیویٹ حج ٹور اپریٹرز نے ملک کی مختلف عدالتوں سے رجوع کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حج معاہدے کے موقع پر پاکستانی حکام کی جانب سے نئی مردم شماری کے مطابق کوٹہ فراہم کرنے کی درخواست بھی کی گئی تاکہ پرائیویٹ حج آرگنائزرز کے کوٹے میں کمی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹا جا سکے تاہم سعودی وزارت حج کے حکام نے منیٰ میں گنجائش کم ہونے اور گزشتہ سال کی درپیش مشکلات کے پیش نظر پاکستان کو مزید کوٹہ فراہم کرنے سے معذرت کر تے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ منیٰ میں خیموں کی تعداد میں اضافے اور سہولیات بہتر ہونے پر پاکستان کو مزید کوٹہ فراہم کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے حج معاہدے کے موقع پر پاکستان میں بائیو میٹرک نظام شروع ہونے پر سعودی عرب میں ائیرپورٹس پر پاکستانی عازمین کی دوبارہ بائیو میٹرک تصدیق نہ کرانے کی بھی درخواست کی ہے جس پر سعودی وزارت نے ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حج سروسز پر 5فیصد ٹیکس عائد کرنے اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی سے حج اخراجات میں اضافہ ہونے کا امکان ہے جس کے بارے میں وزارت کے حکام کا کہنا ہے کہ جو بھی اضافی اخراجات ہوں گے وہ وزارت خود برداشت کرے گی ۔ سعودی حکومت کی جانب سے سروسز پر ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کاکہنا ہے کہ اس فیصلے سے پرائیویٹ حج ٹورز آپریٹرز زیادہ متاثر ہوںگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں