وزیر اعظم نوازشریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز قطر روانہ ہو گئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیر اعظم نوازشریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز قطر روانہ ہو گئے جہاں وہ ممکنہ طور پر شیخ حمد بن جاسم سے ملاقات کریں گے۔
جے آئی ٹی میں 6پیشیاں بھگتنے والے وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز آج قطری دارالحکومت دوحہ روانہ ہو گئے ہیں۔حسین نواز قطر ایئر لائنز کی پرواز کیو آر 615کے ذریعے اسلام آباد سے دوحہ روانہ ہوئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین نواز قطر میں شہزادے حمد بن جاسم سے ملاقات کریں گے اورمنی ٹریل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں پیش کردہ قطری خط پر جے آئی ٹی کو ممکنہ بیان پر تبادلہ خیال کریں گے۔
حسین نواز دوحہ میں قطری شہزادے حمد بن جاسم سے ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جے آئی ٹی کے تمام ارکان بھی قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے دوحہ جائیں گے۔
جے آئی ٹی نے پاناما لیکس کے حوالے سے شریف خاندان کی جانب سے پیش کردہ خط پر قطری شہزادے حمد بن جاسم کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے پاکستان آنے کی ہدایت کی تھی مگر انہوں نے انکار کر دیا جس کے بعد جے آئی ٹی کی جانب سے انہیں دوحہ میں پاکستانی سفارتخانے میں آکر بیان دینے کی پیشکش کی گئی مگر انہوں نے اس پر بھی حامی نہیں بھری۔
قطری شہزادے حمد بن جاسم نے پاکستانی سفارتخانے میں بھی جے آئی ٹی ارکان کو ملنے اور بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جے آئی ٹی اگر انکے دفتر آئے تو وہ اپنے خط کے حوالے سے بیان ریکارڈ کروا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں