برازیلین سابق فٹبالر رونالڈینو جعلی پاسپورٹ پر پیراگوئے میں گرفتار

پیراگوئے: (ویب ڈیسک) برازیل کے سابق سٹار فٹ بالر رونالڈینو کو جنوبی امریکا کے ملک پیراگوئے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پیراگوئے میں داخلے کے لیے مبینہ طور پر جعلی پاسپورٹ استعمال کیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق رونالڈینو کو جب گرفتار کیا گیا تو ان کے ساتھ بھائی بھی موجود تھے جنہیں ان کے ساتھ ہی گرفتار کیا گیا ہے۔

پیراگوئے کے وزیرِ داخلہ یوکلیڈیس اسیویڈو نے صحافیوں کا کہنا ہے کہ رونالڈینو کو پراسیکیوٹر کے رو برو پیش کیا جائے گا۔ پولیس نے رونالڈینو کو ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا جہاں وہ ایک کتاب کی پروموشن کے سلسلے میں مقیم تھے، جب ان کے کاغذات چیک کیے گئے تو وہ جعلی پائے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان حکام سے بھی تفتیش کر رہے ہیں جنہوں نے جعلی دستاویزات پر انہیں ملک میں داخلے کی اجازت دی۔

خیال رہے کہ رونالڈینو خاصے معروف فٹ بالر ہیں۔ انہیں 2005ء میں بیلن ڈی اور ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ رونالڈینو اور ان کے بھائی 2018ء میں برازیلین پاسپورٹ سے دست بردار ہو گئے تھے۔

دست برداری کی وجہ ان پر ہونے والا بھاری جرمانہ تھا جس کی رقم ادا کرنے میں وہ ناکام رہے تھے۔ رونالڈینو اور ان کے بھائی پر ماحولیات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 23 لاکھ ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں