ملتان:بجلی ، گیس ، پٹرول، ادویات کو مہنگا کر کے حکومت نے تاجروں اور عوام کی چیخیں نکال دیں

ملتان ( فاروق ملک سے ) بجلی ، گیس ، پٹرول، ادویات کو مہنگا کر کے حکومت نے تاجروں اور عوام کی چیخیں نکال دیں، مہنگائی کے طوفان نے پاکستان کا 70 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ۔ نئے حکمران کے نئے ٹیکس ، تاجروں اور عوام کے لئے ناقابل قبول ، اگر حکومت کرنا چاہتے ہو تو تاجروں کو ریلیف دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار قومی تاجر اتحاد جنوبی پنجاب پاکستان کے صدر سلطان محمود ملک نے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چوہدری شوکت علی خان، ملک اکرم سگو، ملک اقبال جاوید، شیخ محمد سلیم، ملک الطاف لنگاہ، شیخ محمد شفیق، ملک مقبول کھوکھر، ملک محمد صابر علی، شیخ محمد عمر، میاں عبدالمجید عاربی، ملک چوہدری عامر بن طارق، ملک منیر احمد لکھویرا، مسعود احمد خان، تنویراعوان ، باﺅ ذوالفقار علی ، امجد سیال نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی تاجر اتحاد جنوبی پنجاب پاکستان کے صدر سلطان محمود نے کہا کہ نئے حکمرانوں کی غلط پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی 22 کروڑ عوام مہنگائی کے سمندر میں غوطے کھا رہی ہے۔ غریب آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی اپنے بچوں کے لئے مہیا کرنا مشکل ہوگیا۔ مہنگائی کی وجہ سے گاہکوں کی قوت خرید 50فیصد کم ہو کر رہ گئی ہے۔ اس وجہ سے تاجر برادری شدید ترین کاروباری مندے کی وجہ سے بحران کا شکار رہے ۔ باز ار سنسان ہوگئے ، گاہک دور دور تک نظر نہیں آتے۔ مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے گاہکوں نے بازار کا رخ چھوڑ دیا۔ چھوٹے تاجر کے لئے اپنا کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوگیا۔ ملازمین کی تنخواہ اور دوکانوں کے کرایہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے تاجروں نے دوکانیں چھوڑ کر ملازمت کی تلاش شروع کرد ی۔ اس موقع پر سلطان محمود ملک نے مزید کہا 8 ماہ کے دور اقتدار میں عوام کو ریلیف دینے کا نعرہ لگانے والے نے تاجروں کا کچومر نکال دیا۔ ٹیکسوں ، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ سے چھوٹی بڑی انڈسٹری تیزی سے بند ہورہی ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ اسد عمر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر ملکی معیشت پر توجہ دیں اور مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں اور قوم کو اس مصنوعی مہنگائی کے عذاب سے نجات دلا دیں۔ اجلاس سے چوہدری شوکت علی خان، ملک اکرم سگو، ملک جاوید اقبال، شیخ محمد شفیق نے بھی خطاب کیا۔
ملتان : قومی تاجر اتحاد جنوبی پنجاب پاکستان کے صدر سلطان محمود ملک ، چوہدری شوکت علی خان، ملک اکرم سگو، ملک جاوید اقبال، شیخ محمد شفیق خطاب کررہے ہیں جبکہ اس موقع پر ، شیخ محمد سلیم، ملک الطاف لنگاہ، ملک مقبول کھوکھر، ملک محمد صابر علی، شیخ محمد عمر، میاں عبدالمجید عاربی، ملک چوہدری عامر بن طارق، ملک منیر احمد لکھویرا، مسعود احمد خان، تنویراعوان ، باﺅ ذوالفقار علی خان، امجد سیال و دیگر شریک ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں