عوام پر نئے بجٹ کی صورت میں آئی ایم ایف کی تلوار لٹک رہی ہے، سراج الحق

لاہور: (سٹی نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کو حکومت سے کسی ریلیف کی توقع نہیں، ان پر نئے بجٹ کی صورت میں آئی ایم ایف کی تلوار لٹک رہی ہے
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ظلم اور ناانصافی برداشت کرکے قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ سودی معیشت نے ملک کا ستیاناس کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں سو فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل دہل گیا ہے، لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے سمیت ہر انسٹی ٹیوشن اور پبلک یوٹیلیٹی ٹریک سے اتر چکی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پورا نظام ہی ہچکولے کھا رہا ہے۔ مغرب کی مثالیں دینے والے وزیراعظم سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اب کون استعفیٰ دے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ ایک کمیٹی بنے گی جو تحقیقات کے نام پر حقائق چھپائے گی۔ گزشتہ دو ڈھائی برسوں میں جتنے حادثات ہوئے کسی میں ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوا۔ مافیاز اور طاقتور لوگ اس ملک میں جو چاہیں کریں، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں