پاکستانی عوام کی طرح آل راؤنڈر محمد حفیظ کوبھی اپنے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کی رپورٹ کا شدت سے انتظار

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستانی عوام کی طرح آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی اپنے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کی رپورٹ کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں اور پراعتماد ہیں کہ انہیں کلین چٹ مل جائے گی۔

یہ رپورٹ آنے میں تو ابھی کچھ دن باقی ہیں مگر ان کے باؤلنگ کنسلٹنٹ کارل کروو نے رپورٹ آنے سے پہلے ہی خوشخبری سنا دی ہے اور کہا ہے کہ محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن بہت بہتر ہوا ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) سے کلین چٹ ملے گی۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن 18 اکتوبر کو سری لنکا کیخلاف کھیلے گئے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد حکام کی جانب سے انہیں 14 روز کے اندر بائیو میکینکس ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم انہیں باؤلنگ سے روکا نہیں گیا تھا۔

یہاں یہ امر قبال ذکر ہے کہ 37 سالہ آل راؤنڈر کا باؤلنگ ایکشن تیسرے مرتبہ رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد وہ یکم نومبر کو ٹیسٹ کیلئے انگلینڈ گئے تھے اور پراعتماد تھے کہ ان کا باؤلنگ ایکشن کلیئر ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں