انصاف نہ ملا تو پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک چلی جاؤنگی: میرا کا عدالت میں بیان

لاہور: (سٹی نیوز) پاکستان کی فلم انڈسٹری کی سکینڈل کوئین اداکارہ میرا نے سیشن کورٹ میں پیش ہو کر عدالت میں حاضری مکمل کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا کا عدالت میں عتیق الرحمن کے ساتھ تکذیب نکاح کا کیس چل رہا ہے، عتیق الرحمن کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ میرا میری اہلیہ ہیں جبکہ اداکارہ نے متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ عتیق الرحمن میرا شوہر نہیں ہے۔

آج سیشن کورٹ میں اداکارہ میرا اور عتیق الرحمن تکذیب نکاح کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج سیّد شہزاد مظفر نے کی۔

آج سماعت کے دوران اداکارہ میرا سیشن کورٹ کی عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ اس دوران اداکارہ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میرا عتیق الرحمن سے کوئی تعلق نہیں اور نہ وہ میرا شوہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عتیق الرحمن دس سال سے مجھے جھوٹ بول کر عدالتوں میں ذلیل کر رہا ہے، اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک چلی جاؤں گی۔

ایڈیشنل سیشن جج سید شہزاد مظفر نے اداکارہ میرا کی اپیل پر سماعت کی اور دلائل سننے کے بعد سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں