سندھ کے 20 اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچائی، 25 لاکھ لوگ متاثر ہوئے: مرتضیٰ وہاب

کراچی: (سٹی نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ صوبے کے 20 اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچائی، 25 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، جب تک وفاق کراچی میں‌ دلچسپی نہیں لے گا، شہر کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی صرف سندھ کا دارالخلافہ ہی نہیں، معاشی حب بھی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین کی مدد کیلئے وزیراعظم کو خط لکھا، مراد علی شاہ نے وزیراعظم سے زرعی قرضوں کی معافی کی درخواست بھی کی، سندھ حکومت وفاقی حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ماضی میں کراچی کیلئے کیے گئے اعلانات پورے نہیں ہوئے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، صوبے کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قراردیا گیا ہے، بدین، سانگھڑ، میرپورخاص میں بارشوں سے شدید نقصان ہوا، سندھ حکومت کی طرف سے متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں