بھارتی اداکارہ سونم باجوہ نے سجل علی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار وقتاً فوقتاً ماضی میں بھارت میں جا کر کام کرتے رہے ہیں جہاں پر ان کی دھاک بیٹھی ہوئی تھی، وہی پر بھارتی ہدایتکار، ڈائریکٹر بھی پاکستانی اداکاراؤں کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کے خواہشمند رہتے ہیں، اداکارہ ماہرہ خان، میرا، سجل علی سمیت دیگر اداکار بھی بھارت میں کام کر چکے ہیں۔ ایک بھارتی اداکارہ سونم باجوہ پاکستانی اداکارہ سجل علی کی مداح نکلیں۔

نامور اداکارہ سجل علی کے مداح صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں موجود ہیں جو اداکارہ کے کام کو اکثر و بیشتر سراہاتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے 2017 میں بالی وڈ فلم موم میں سری دیوی اور عدنان صدیقی کے ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد ان کی فین فالوونگ میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

بالی وڈ کی اس کامیاب فلم میں جلوہ گر ہونے کے بعد اداکارہ کے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی کئی مداح بن گئے جن میں سے ایک نامور بھارتی ماڈل اور اداکارہ سونم باجوہ بھی ہیں۔

ماڈل و اداکارہ سونم باجوہ نے برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سجل علی کے کام کی معترف ہوں اور ان کی بہت بڑی مداح ہیں اور پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے بھی بےحد متاثر ہیں۔

سونم باجوہ کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے بےحد خوشی ہوتی ہے کہ میں نے سجل سے بہت کچھ سیکھا ہے، وہ شاندار کام کرتی ہیں وہ اس دور کی بہترین اور شاندار اداکارہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس وقت پاکستانی ڈرامے الف، میرے پاس تم ہو، یہ دل میرا دیکھ رہی ہوں، میں یہ ڈرامے دیکھ کر کافی حیران ہوتی ہوں، میں ممبئی میں رہتی ہوں اس کے باوجود میرا زیادہ تر کام پنجابی میں ہوتا ہے، پنجابی انڈسٹری اتنی بڑی نہیں، ہمارے پاس بہت زیادہ کام کرنے کو نہیں ہوتا نہ اس کے بارے میں زیادہ معلومات ہوتی ہیں۔

سونم باجوہ کے مطابق مجھے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بارے میں سب کچھ معلوم ہے، میں تمام شخصیات کو جانتی ہوں، پاکستان میں میرے کچھ بہت قریبی دوست بھی ہیں، میں ذاتی طور پر سجل اور رابعہ بٹ کو بھی جانتی ہوں، میں پاکستانی ڈراموں کو فالو کرتی ہوں اور یہ بہترین ہوتے ہیں۔

دوسری جانب سجل علی نے بھی اپنے انسٹاگرام پر سونم باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ سجل علی اس وقت الف اور یہ دل میرا جیسے ڈراموں میں کام کررہی ہیں۔ جبکہ سونم باجوہ پنجابی فلم جندے میریا میں جلد کام کرتی نظر آئیں گی، اس کے علاوہ وہ ورن دھون کی فلم اسٹریٹ ڈانسر میں بھی ایک معاون کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں