ای سی سی اجلاس: وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کیلئے 84 کروڑ روپے کی منظوری

اسلام آباد: (سٹی نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کے یوتھ بزنس لون سکیم کے لیے 84 کروڑ روپے کی منظوری دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا۔

مشیر خزانہ نے اجلاس کے دوران وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کے لیے 84 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ پاکستان نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے نو کروڑ روپے سے زائد کی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

پنجاب رینجرز کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا میں ایف سی ٹریننگ سینٹر کے قیام کے ایڈوانس فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران کارکے کیس میں لیگل فیس کی ادائیگی کیلئے 1.5 ملین ڈالر (تقریباً 23 کروڑ روپے) کی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی دی گئی۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ وزارت اطلاعات کو احساس پروگرام کے تحت اشتہاری مہم چلانے کیلئے 30 کروڑ روپے کے اجراء کی منظوری دی گئی، وزیراعظم ریلیف پروگرام کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے 50 ارب روپے کی منظوری دی گئی جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں