ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلباء کو 50 ہزار سکالرشپ ملیں گے: فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی جدوجہد مسلسل، محنت اور لگن سے ہمیشہ اپنے مخالفین اور ناقدین کو غلط ثابت کیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلباء کو 50 ہزار سکالرشپ ملیں گے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان فرسودہ اور گلے سڑے نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے پرعزم ہیں، کٹھن وقت سے ہم گزر آئے ہیں، درست سمت میں اصلاحات اور اقدامات کے ثمرات عوام کو پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، عوامی ترقی اور خوشحالی عمران خان کا نصب العین ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کو مہمند کے دور دراز علاقوں تک پہنچانا عمران خان کی قبائلی عوام سے محبت اور دور افتادہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے عزم کا واضح اظہار ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلباء کو 50 ہزار سکالرشپ ملیں گے، وزیراعظم ایسی فلاحی ریاست کے قیام کے خواہاں ہیں جہاں وسائل امراء کی بجائے محروموں پر خرچ ہوں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا وزیراعظم کا احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل ڈیٹا فار پاکستان کا اجراء جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ملک میں غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا، اس پورٹل کے ذریعے ملک میں غربت کی شرح کا درست تجزیہ ممکن ہوسکے گا، غریبوں اور محروموں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے یہ عملی اقدامات عمران خان کی پسے ہوئے طبقات سے وابستگی کا ثبوت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں