فخر زمان کی یونس خان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے ایسی نصیحت کر ڈالی کہ وہ حیران و پریشان رہ گئے

لاہور (سٹی نیوز) آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں بھارت کیخلاف فائنل میچ میں فخر زمان نے شاندار سنچری بنا کر پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی اور صرف اس ایک اننگز نے انہیں راتوں رات ہیرو بنا دیا۔
قومی کرکٹرز وطن واپس پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور انعامات کی بارش بھی کر دی گئی لیکن جب فخر زمان کی یونس خان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے ایسی نصیحت کر ڈالی کہ وہ حیران و پریشان رہ گئے اور جب ذرا ہوش سنبھلے تو یونس خان انہیں اپنے سب سے اچھے دوست لگنے لگ گئے کیونکہ انہوں نے بات ہی کچھ ایسی کی تھی۔
انٹرویو کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ چیمپینز ٹرافی جیتنے کے بعد یونس خان نے آپ کو کیا نصیحت کی تھی؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ ’’میں یونس بھائی سے ملا اور ہم دونوں نے تقریباً 30 منٹ تک گفتگو کی۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ میری زندگی میں آنے والی اچانک تبدیلی کو کیسے سنبھالنا ہے۔ درحقیقت، ان کی نصیحت یہ تھی کہ یہ شہرت کچھ بھی نہیں اورصرف دھوکہ ہے، اور یہ مجھے تباہی کی طرف لے جا سکتی ہے۔
مجھے اپنے قدم ہمیشہ زمین پر رکھنے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ میڈیا سمیت ہر کوئی اب میری تعریف کر رہا ہے، لیکن اگر میں ناکام ہوا تو یہی لوگ مستقبل میں مجھے تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔ مجھے اس تنقید کا سامنا کرنے کیلئے بھی تیار رہنا چاہئے۔ اس لئے مجھے یہ ثابت کرنے کیلئے مزید اچھا کھیل پیش کرنا ہو گا کہ بھارت کیخلاف فائنل میچ میں بنائی گئی سنچری اتفاقیہ نہیں تھی۔ یونس خان نے مجھے جو بھی کہا، وہ اب بھی میرے کانوں میں گونج رہا ہے۔‘‘
فخر زمان کے اس انکشاف کے بعد جہاں بھارتی میڈیا یونس خان کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گیا ہے وہیں پاکستانی بھی یونس خان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں جنہوں نے نوجوان بلے باز کو صرف اور صرف اپنی پرفارمنس پر توجہ دینے کا کہا ہے اور انہیں یہ بتا دیا ہے کہ کارکردگی کے بغیر کچھ بھی نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں